راوی سٹی منصوبہ لاہور کے بڑھتے ہوئے مسائل کا حل فراہم کرے گا: وزیرِاعظم عمران خان

Published On 10 December,2020 07:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ راوی سٹی منصوبہ لاہور کے بڑھتے ہوئے مسائل کا حل فراہم کرے گا۔ انہں نے نے بنڈل آئی لینڈ پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیرِاعظم کے زیرِ صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ورکنگ گروپ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں وزیرِاعظم کو چینی حکومت اور کمپنیوں کی طرف سے منصوبے میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وزیرِاعظم کو اے این جی سی سی کی جانب سے پانچ ارب ڈالر کی شراکتی سرمایہ کاری کی پیشکش کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ راوی سٹی منصوبے پر پیشرفت کو مزید تیز کرنے کیلئے بورڈ کی تشکیل کر دی گئی ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ راوی سٹی منصوبہ لاہور کے بڑھتے ہوئے مسائل کا حل فراہم کرے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے لاہور کے شہریوں کو ناصرف پینے کے صاف پانی، سیوریج کے مناسب انتظام، صاف ستھرے ماحول اور دیگر جدید سہولیات سے آراستہ رہائشی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری سے روزگار کے وسیع مواقع اور مقامی و قومی معیشت خاص طور پر صنعتوں کو ترقی ملے گی۔

پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ماحولیاتی اور ماسٹر پلان کی سٹڈیز کا آغاز جنوری سے ہونے جا رہا ہے۔ وزیرِاعظم عمران خان نے بنڈل آئی لینڈ پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کام کیا جائے گا۔
 

Advertisement