'مذاکرات کا ماحول بنانا ضروری، ‏عوام کے مفاد میں احتجاجی سیاست ملتوی ہونی چاہئے'

Published On 11 December,2020 10:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ ‏عوام کے مفاد میں احتجاجی سیاست کو ملتوی ہونا چاہئے، اس وقت مذاکرات کا ماحول بنانا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری ن سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کیلئے محترم شخصیات کو آگے آنا چاہیے، ایسی شخصیات مذاکرات کا ماحول بہتر بنانے میں کردار ادا کریں، موجودہ صورتحال میں تلخیاں کم کریں، یہ ملک کیلئے ضروری ہے۔

دوسری جانب شہباز گل کا کہنا تھا کہ سزا یافتہ مجرم کے کہنے پر استعفے سپیکر کے بجائے ریجیکٹڈ مولانا کے پاس جمع کرنا جعلی استعفوں کی دلیل ہے، عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بجائے استعفے سپیکر کو دیں، پی ڈی ایم کے سٹیج پر اکٹھے یہ کرپشن زدہ چہرے پاکستان کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم جان چکی کرپشن آپ کا ایمان اور بلیک میلنگ آپ کے ہتھیار ہیں، جتنے مرضی جتن کر لو، ڈرامے بازیوں سے کام نہیں چلنے والا، طے ہو چکا کہ نئے پاکستان میں کرپشن کے ناسوروں کے لئے کوئی جگہ نہیں۔

ادھر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ڈنڈا بردار جتھے بد حواس پی ڈی ایم کی پریشانی ظاہر کر رہے ہیں، راجکماری اور اس کے چیلے معصوم عوام کو ڈنڈے تھما کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، شاہی خاندان ذاتی مفادات کیلئے ایک بار پھر سیاست کو انتشار، فساد کیجانب دھکیل رہا ہے، سپریم کورٹ پر حملہ، اداروں پر پتھراؤ، دھمکیاں ن لیگ کی شناخت ہے۔
 

Advertisement