ایل او سی: سیز فائر کی خلاف ورزی، سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

Published On 11 December,2020 12:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور احتجاجی مراسلہ تھمایا۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی افواج نے تتہ پانی سیکٹر پر 9 دسمبر کو بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی سے ایک شہری شدید زخمی ہوا، بھارت رواں برس 2940 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے، رواں برس بھارتی فائرنگ سے 27 شہادتیں اور 247 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول، ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے، بھارت 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے، ہندوستان کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے۔
 

Advertisement