سینیٹ اجلاس طلب کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں نے ریکوزیشن جمع کرا دی

Published On 16 December,2020 06:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی اپوزیشن جماعتوں نے ایوان بالا کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرا دی ہے۔

یہ ریکوزیشن اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق اور پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان نے جمع کرائی۔ اپوزیشن جماعتوں کی ریکوزیشن پر 34 ارکان سینیٹ کے دستخط ہیں۔

اس ریکوزیشن میں آئین کے آرٹیکل 54 (3) کی روشنی میں اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایجنڈا میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی جانب سے چیئرمین نیب، ڈی جی نیب، نیب کے انویسٹی گیشن آفیسر، رجسٹرار اور ڈپٹی رجسٹرار آف کمپنی رجسٹریشن آفیسر، ایس ای سی پی لاہور کے خلاف تحریک استحقاق شامل ہے۔

ایجنڈا میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کو تمام اداروں سے پوچھ گچھ کرنے اور ان کے اقدامات میں شفافیت کا مطالبہ کرنے کا حق ہے۔ اس کے علاوہ ایجنڈے میں نیب کے ذریعہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بحث اور قرارداد شامل کی گئی ہے۔

سینیٹ ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ نیب حکام اور عہدیداروں کی ڈگریوں، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ اور اثاثوں کی تصدیق کے لئے ایک قرارداد پر تبادلہ خیال کیا جائے۔ اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن، کیسز اور گلگت بلتستان انتخابات میں مبینہ دھاندلی بھی ریکوزیشن میں شامل ہے۔
 

Advertisement