پاکستان نے مودی کے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر متعصبانہ دعوے مسترد کر دیئے

Published On 26 December,2020 09:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر متعصبانہ دعوے مسترد کر دیئے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ضلعی ترقیاتی کونسل کے نام نہاد انتخابات کے بعد بھارتی جمہوریت کی قلعی کھل گئی۔ پاکستان جمہوریت کے بارے میں بھارتی وزیراعظم کے جعلی دعوے بھی مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس، بی جے پی برانڈ جمہوریت کا مطلب کشمیریوں کی آواز دبانا ہے۔ بھارت کا مقصد کشمیریوں کی آواز ہندوستانی فوج کی توپوں کے سائے میں خاموش کرنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں راشٹریہ سوک سنگھ (آر ایس ایس) ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) گھناؤنا باب رقم کر رہی ہے۔

زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر 5 اگست 2019ء کے بعد سے سفاکانہ فوجی محاصرہ جاری ہے۔ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں، بھارتی بربریت کے باعث کشمیری شدید مصائب کا شکار ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جھوٹا بھارتی بیانیہ کشمیریوں اور عالمی برادری کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔ بھارت کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خودارادیت سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت، بدنیتی کا سہارا لینے کے بجائے مقبوضہ علاقے سے غاصبانہ قبضہ ختم کرے، بھارت، اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔
 

Advertisement