مسلم لیگ نون کا ضمنی انتخابات اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ

Published On 30 December,2020 12:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ نے ضمنی انتخابات اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے اور حکومت کے میدان خالی نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، بیشتر لیگی رہنماؤں کی جانب سے پیپلزپارٹی قیادت کے رویئے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حالیہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ضمنی الیکشن کے دوران میدان خالی نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں شریک لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ انتخابات میں بھی حصہ لینا چاہیے۔

انہوں نے پارٹی قائد میاں نواز شریف پر مکمل اعتماد کا بھی اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر لیگی رہنماؤں نے حکومت مخالف اتحاد میں شامل پاکستان پیپلز پارٹی کے رویئے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کے قول و فعل میں تضاد نظر آرہا ہے۔
 

Advertisement