لاہور میں صفائی بحران ختم نہ ہوسکا، گلی محلے گندگی سے اٹ گئے

Published On 06 January,2021 11:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں صفائی بحران ختم نہ ہوسکا، گلی محلے گندگی سے اٹ گئے، جگہ جگہ پڑے کوڑا دان بھی بھر گئے، سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھیلنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی کے بعد لاہور بھی کچرا کنڈی کا منظر پیش کرنے لگے، مختلف علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر برقرار ہیں۔ برانڈرتھ روڈ، نابھا روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ اور دیگر علاقوں میں کوڑا کرکٹ کے پہاڑ بن گئے۔ مغل پورہ، دھرم پورہ، شاد باغ، مکھن پورہ، تاج باغ، باغبانپورہ میں بھی گندگی ہی گندگی، بارش کے بعد کوڑا کرکٹ کے ڈھیر سے بدبو اور تعفن پھیلنے لگا۔

گندگی سڑکوں تک پھیلنے سے شہریوں کو آمدورفت میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی ہفتوں سے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں، بدبو آنے پر گزرنا بھی محال ہوچکا ہے، روزمرہ کے معمولات کے ساتھ ساتھ کاروبار بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ انتظامیہ اور صفائی کمپنی کی جانب سے شہر کو زیرو ویسٹ کرنے کے متعدد دعوے کئے گئے مگر صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر نہ ہوسکے۔ اعلیٰ حکام کو فوری نوٹس لینا چاہیے ورنہ حالات مزید ابتر ہوسکتے ہیں۔
 

Advertisement