ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں سے اظہار تشکر

Published On 08 January,2021 09:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دسمبر کے مہینے میں 2 اعشاریہ 4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ماشاء اللہ پہلی مرتبہ مسلسل چھ ماہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔ گزشتہ 6 ماہ میں مجموعی طور پر 14 اعشاریہ 2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر ملک میں آئیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 24 اعشاریہ 9 فیصد اضافہ ہوا۔

دوسری جانب سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے دسمبر 2020ء میں 2.4 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھجی گئیں۔ دسمبر 2019ء کے مقابلے میں ترسیلات 16.2 فیصد اور نومبر 2020ء کے مقابلے میں 4.2 فیصد زائد رہیں۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ترسیلات کی مالیت 14.2 ارب ڈالر رہیں۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کی ترسیلات گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ سے 24.9 فیصد زائد رہی تھیں۔

ادھر وزیراعظم عمران خان کو پاکستان شماریات بیورو کی طرف سے افراطِ زر کی شرح اور معاشی اثرات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ افراطِ زر کی شرح کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومتی فیصلہ سازی کے لیے ڈیجیٹل نظام مرتب کیا گیا ہے۔ یہ نظام وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت بنایا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے بریفنگ میں کہا گیا کہ اس نظام سے قیمتوں کے اعدادوشمار میسر آئیں گے، جس سے بروقت فیصلہ سازی ممکن ہو سکے گی۔ اس نظام سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کرنے میں مدد ملے گی۔
 

Advertisement