چین کی پاکستان کو 5 لاکھ کورونا ویکسین ڈوز دینے کی یقین دہانی

Published On 21 January,2021 04:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین نے عالمی وبا کورونا وائرس کے تدارک کیلئے اپنے دیرینہ دوست ملک پاکستان کو ویکیسن کی پہلی کھیپ مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اس اہم خبر کے بارے میں میڈیا کو بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ چین کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان کو مفت دے گا۔ چین کی جانب سے یہ اقدام جذبہ خیر سگالی کے تحت طور پر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے کورونا ویکسین دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس احسن اقدام پر میں نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان کو 31 جنوری تک ویکسین کی 5 لاکھ جبکہ فروری کے آخر تک بھی مزید خوراکیں مل جائیں گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی سے عالمی وبا کورونا وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ وبا کی روک تھام کیلئے بنائے گئے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کے دوران بہترین کام کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی اپنا پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ چین کی جانب سے کورونا ویکیسن کی 5 لاکھ خوراکیں پاکستان کو تحفے میں دی جائیں گی۔
 

Advertisement