براڈ شیٹ کیس: جو بھی قصور وا ر ہو اسے پھکی ملنی چاہیے: وفاقی وزیر داخلہ

Published On 23 January,2021 04:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ براڈ شیٹ کیس میں جو بھی قصور وا ر ہو اسے پھکی ملنی چاہیے۔ جسٹس (ر)عظمت سعید پر اعتراض ہے تو کیا جسٹس (ر) قیوم اور جسٹس (ر) افتخار چودھری کا نام دے دیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان سے کوئی پیچھے نہیں ہٹ رہا، سینیٹ کے الیکشن میں تحریک انصاف کی ایک آدھی سیٹ بڑھے گی، یہ تو عمران خان کا بڑا پن ہے کہ وہ کہتا ہے کہ خفیہ ووٹ ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری بات ریکارڈ کر لیں کہ جو لوگ یہ سوچے بیٹھے ہیں کہ عمران خان اس لیے جا رہا ہے سپریم کورٹ میں تاکہ ووٹ نہ کم ہوں تو پنجاب میں سیٹ کم ہونے کے بجائے ایک سیٹ بڑھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمان ویسے ہی ان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں، وہ خراب ہوں گے، میں سمجھتا ہوں کہ فضل الرحمٰن نے اسرائیل، کشمیر، ختم نبوت کے نام پر اس قوم کا بڑا وقت ضائع کیا ہے، اس ملک میں کسی کی جرات ہے کہ وہ ان چیزوں کے خلاف ہو سکے۔

ایف آئی اے سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، ایف آئی اے کوفعال بنانے جارہے ہیں۔ نادرا، ایف آئی اے کا ادارہ بہترہونے میں وقت لگے گا، شہبازشریف کا کیس سنجیدہ ہے، کیس میں شہادتوں پر انحصار ہوگا، پی ڈی ایم والے وفا کریں گے تووفا کریں گے ستم کریں گے توستم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج سے زیادہ تو ایک مدرسے میں بچے ہوتے ہیں۔ پی ڈی ایم والے جس طرح الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج کیا اسی طرح احتجاج کریں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔ بلاول بھٹوبالغ ہوگیا ہے، انہوں نے عدم اعتماد والی بات ٹھیک کہی ہے۔ جب وہ سچ بولنے لگتے ہیں لاہورکا میڈیا رکاوٹیں کھڑی کردیتا ہے۔

براڈ شیٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) عظمت سعید بڑا قابل احترام نام ہے، براڈشیٹ کے معاملے پران کو جسٹس (ر) عظمت قبول نہیں، کیا انہیں جسٹس افتخار (ر) چودھری قبول ہے۔ اس معاملے پر جس کا بھی قصوراس کوپھکی ملنی چاہیے۔

اس سے قبل دنیا لاہور ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اربوں روپے نیب میں جمع کرانے اور پھر سپریم کورٹ کے ذریعے واپس لینے والے براڈ شیٹ کے ذریعے بے نقاب ہونے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ پانامہ ٹو بننے جارہا ہے، ایک ماہ کے اندر اندر بہت کچھ کھل کر سامنے آجائے گا اور اربوں روپے نیب میں جمع کرانے اور پھر سپریم کورٹ کے ذریعے واپس لینے والےبے نقاب ہونے جارہے ہیں۔

شیخ رشید نے قرار دیا کہ سیاست دلچسپ مرحلے میں داخل ہونے جارہی ہے ۔اُنہوں نے دعوی کیا کہ حکومت کے اپنی تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور سینیٹ انتخابات میں حکومت اتحاداضافی سیٹ حاصل کرے گا۔
 

Advertisement