پی ڈی ایم حکومت یا سٹیبلشمنٹ سے مذاکرات نہیں کر رہی، مولانا فضل الرحمان

Published On 26 January,2021 05:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت یا سٹیبلشمنٹ سے مذاکرات نہیں کر رہی، اگر کوئی بات چیت کرنا چاہتا ہے تو آنے سے پہلے ہمارے مطالبات تسلیم کرکے آئے، تحریک عدم اعتماد کے آپشن پر عمل ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کا آپشن پیپلز پارٹی کا ہے، اسے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لے۔

انہوں نے بتایا کہ سینیٹ الیکشن مشترکہ طور پر لڑنے کی تجویز ہے، جس پر بات چیت ہو رہی ہے۔ پی ڈی ایم سب جماعتوں کا اپنا اپنا موقف ہے لیکن فیصلے مشترکہ اور متفقہ ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف اور آصف زرداری سے تواتر سے رابطہ ہوتا رہتا ہے۔ دونوں رہنما حکومت کی رخصتی پر مکمل اتفاق رکھتے ہیں۔ میاں نواز شریف اور آصف زرداری کا طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے لیکن مقصد ایک ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں رالپنڈی کی طرف مارچ کرنے کا شوق نہیں ہے، لیکن اگر وہ غیر جانبدار ہیں تو ایسا نظر کیوں نہیں آرہا، کیا عوام نہیں جانتے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں کیا ہوا؟ اور اب آزاد کشمیر کے انتخابات کے لیے کون کیا پلاننگ کر رہا ہے؟

 

Advertisement