'‏پی ڈی ایم کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن گزر گئی، استعفے دینے کی کھوکھلی دھمکیاں آشکار'

Published On 01 February,2021 11:59 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ ‏پی ڈی ایم کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن گزر گئی، استعفے دینے کی کھوکھلی دھمکی بھی آشکار ہوگئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ قوم کو پتہ چل گیا کہ ان کا ایجنڈا ذاتی مفاد اور ہوس اقتدار ہے، اپوزیشن کی حسرتیں اور سازشیں دم توڑ گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے اپوزیشن کے ہر قول و فعل کو یکسر مسترد کر کے منتخب جمہوری حکومت کا ساتھ دیا۔

دوسری جانب وفاقی فواد چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 31 جنوری گزر گئی، پتہ تھا سب پرانی تنخواہ پر کام کریں گے، این ایف سی ایوارڈ کا 60 فیصد صوبوں کے پاس چلا جاتا ہے، صوبائی مسائل میں وفاق کا کوئی اختیار نہیں، صوبوں کے پاس جانیوالے پیسے کی مانیٹرنگ کا کوئی میکنزم نہیں، وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں وہ وزیراعظم کو جوابدہ نہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم لانیوالوں نے کچھ سوچا نہ سمجھا، ملک میں بجلی کے بل صرف پنجاب اور اسلام آباد دے رہا ہے، جتنا نقصان نواز شریف نے پنجاب کو پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا، اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کا حکومت کا مؤقف نہیں ہونا چاہیے، مشرف نے صوبوں سے اختیارات لے کر لوکل گورنمنٹ کو دے دیئے، صوبائی حکومت کی صلاحیت نہیں ہے کہ ڈیلیور کرسکے، سیاستدانوں کو شہریوں کے فائدے کے بارے میں سوچنا چاہیے، پاکستان میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement