سینیٹ انتخابات، اپوزیشن ہارس ٹریڈنگ سے سیٹیں حاصل کرنا چاہتی ہے: وزیراعظم

Published On 01 February,2021 03:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت میں پی پی، ن لیگ نے اوپن بیلٹ تجویز پر اتفاق کیا تھا، اپوزیشن سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز سے بھاگ رہی ہے، اپوزیشن ہارس ٹریڈنگ سے سیٹیں حاصل کرنا چاہتی ہے، آج شفاف انتخابات میں سب سے بڑی رکاوٹ خود اپوزیشن جماعتیں بن رہی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی رہنماوں کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ سیاسی و معاشی صورت حال پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم اور حکومتی رہنماوں کو سرکاری زمینوں پر قبضوں کے خلاف جاری آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن پر مسلم لیگ ن کو سب سے زیادہ مسلئہ ہے، واضح ہوچکا کہ قبضہ مافیا اپوزیشن رہنماؤں کی اے ٹی ایم مشینیں ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں کی پشت پناہی سے مافیا سرکاری زمینوں پر قابض ہوا، یہ لوگ سرکاری زمینوں سے کمائی کے پیسے سے سیاست کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف نے اپنے ڈونرز کا مکمل ریکارڈ پیش کر دیا، اپوزیشن جماعتوں کو مختلف ممالک اور شخصیت نے فنڈنگ کی، تحریک انصاف نے کسی حکومت یا این جی او سے پیسے نہیں لیے، حقیقی فارن فنڈنگ تو نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان لیتے رہے، ان کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں، الیکشن کمیشن میں ایکسپوز ہونگے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتائج ملنا شروع ہو چکے، شدید مہنگائی کی لہر پر قابو پالیا، اشیاء کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، آج افراط زر اس سطح سے کم ہے جس سے سطح پر ہم نے حکومت سنبھالی تھی، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ عوام کو منتقل کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختوخوا یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے والا پہلا صوبہ بن چکا ہے، صوبے کے ہر شہری کو مفت صحت سہولیات دینا ہماری حکومت کا بڑا کارنامہ ہے، خیبرپختوخوا کے بعد پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس دیں گے۔

Advertisement