اسلام آباد حادثہ: کشمالہ طارق کے بیٹے کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل

Published On 02 February,2021 05:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی محتسب برائے انسداد جنسی ہراسانی کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں، جنہوں نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے مگر گرفتاری عممل میں نہ آ سکی۔

ذرائع کے مطابق اذلان کی گرفتاری کے لئے ٹیموں نے تین جگہوں پر ریڈ، مگر گررفتار عمل میں نہ آ سکی۔ پولیس کی جانب سے یہ چھاپے کشمالہ طارق کی دو رہائشگاہ اور ہسپتال میں مارے گئے۔

ادھر اسلام آباد ٹول پلازہ سے نکلنے والی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے گاڑی چلانے والے ڈرائیور کا تعین کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیںَ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر، 4 افراد جاں بحق، مقدمہ درج، کشمالہ کا بیٹا نامزد

تفصیل کے مطابق گزشتہ رات اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔ گاڑی میں کشمالہ طارق کے شوہر اور بیٹا سوار تھے۔ پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کرلیا جس میں سابق ایم این اے کے بیٹے کو نامزد کیا گیا ہے۔

مرنے والے افراد کی شناخت انیس، حیدر، فیصل اور فاروق کے نام سے کی گئی، حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں پمز منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد کشمالہ طارق کے شوہر ذاتی محافظوں کے ساتھ موقع سے فرار ہوگئے۔ جائے حادثہ پر موجود لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ کشمالہ طارق کے شوہر کی گاڑی کے سگنل توڑنے کے باعث پیش آیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق تین افراد کا تعلق مانسہرہ سے ہے، جن کے ورثا سے رابطے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

جی الیون میں ٹریفک حادثے کا مقدمہ واقعہ میں زخمی والے شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ حادثے میں 4 دوست جاں بحق ہوگئے، جاں بحق نوجوان مانسہرہ سے اے این ایف کا ٹیسٹ دینے آئے تھے، سفید رنگ کی جیپ نے ٹکر ماری، جیپ کی ٹکر سے گاڑی میں سوار 4 نوجوان جاں بحق اور موٹر سائکل سوار زخمی ہوئے۔

 

Advertisement