لانگ مارچ کو سبوتاژ کرنے کیلئے لوکل باڈی انتخابات کا شوشہ چھوڑا گیا: مریم نواز

Published On 04 February,2021 10:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کو سبوتاژ کرنے کے لئے لوکل باڈی انتخابات کا شوشہ چھوڑا ہے۔

صحافیوں کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مولانا نے اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے ایسا کوئی جملہ نہیں کیا، بیان تروڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، عمران جیسے نااہل لوگ 22 کروڑ عوام کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی غیرجمہوری عمل میں شریک ہوگا ہم اس کی مخالفت کریں گے، اس مرتبہ دھرنا مل کر کریں گے، ہرجماعت کا اپنا موقف ہوتا ہے، تحریک عدم اعتماد پر بات چیت چل رہی ہے۔ یہ ایک جاری عمل ہے جس میں سوال و جواب ہوتے ہیں۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بیچارے کو کیوں ہٹانا ہے جب تک وہ بیٹھے رہیں گے پتا چلتا رہے گا کہ مسلم لیگ ن میں اور جعلی حکومت میں کیا فرق ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ لانگ مارچ کو سبوتاژ کرنے کے لئے لوکل باڈی انتخابات کا شوشہ چھوڑا ہے، 26 مارچ کو ملک بھرسے قافلے لانگ مارچ کیلئے روانہ ہوں گے، امید کرتی ہوں شہباز شریف جلد ہمارے درمیان ہونگے، ان کی طبیعت بھی خراب ہے۔

 

Advertisement