'سابق حکمرانوں نے معیشت کا جنازہ نکال کر پاکستان کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی'

Published On 12 February,2021 10:17 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے معیشت کا جنازہ نکال کر پاکستان کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو تباہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماضی میں پالیسیاں بناتے ہوئے عوامی ترجیحات اور قومی مفادات کو فراموش کیا گیا، گزشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے، نظام میں سرائیت خرابیوں کو درست کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے ہیں، ذاتی مفادات کیلئے نہیں بلکہ عوام کی فلاح اور ملک کے مفاد کیلئے فیصلے کر رہے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اچھا وقت دروازے پر دستک دے رہا ہے، پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے، مخالفین کی ہر سازش بری طرح نا کام رہی ہے، نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا اور مخالفین ہمیشہ کی طرح پیچھے رہ جائیں گے۔
 

Advertisement