سینیٹ الیکشن کی تیاریاں زوروں پر، بڑی پارٹیاں اپنے امیدوار سامنے لے آئیں

Published On 12 February,2021 08:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ الیکشن کیلئے ملک کی تمام بڑی پارٹیاں اپنے اپنے امیدوار سامنے لے آئی ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

فارم ہفتے کے روز بھی وصول کیے جائیں گے۔ جانچ پڑتال پندرہ اور سولہ فروری کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن حتمی فہرست اکیس فروری کو جاری کرے گا۔

تفصیل کے مطابق تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ عبدالحفیظ شیخ، سیف اللہ نیازی، ثانیہ نشتر اور بیرسٹر علی ظفر کے نام بھی فائنل کیے گئے ہیں۔

یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ اجلاس میں کیا گیا۔ پارلیمانی بورڈ کے رکن وفاقی وزیر فواد چودھری نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد جبکہ ‏پنجاب سے سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر کے نام فائنل کیے گئے ہیں۔ پنجاب سے باقی ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پارلیمانی بورڈ نے ‏خیبرپختونخوا سے شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر اور فرزانہ کا نام حتمی فہرست میں شامل کیا جبکہ باقی نشستوں پر اعلان بعد میں ہوگا۔

اس کے علاوہ سندھ سے فیصل واوڈا سینیٹ انتخاب میں حصہ لیں گے اور سیف اللہ ابڑو ٹیکنوکریٹ سیٹ سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔ بلوچستان سے عبدالقادر کے نام کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلنے کی روایت ختم کر رہے ہیں، جو ایوان میں پارٹی کے لیے بہتر ہوگا، اسے سینیٹر بنائیں گے۔ پیسے لگا کر ایوان میں آنے والے عوام کے فائدے کا کبھی نہیں سوچ سکتے۔ شفاف انتخابات اور سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے کیلئے پرامید ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان کی جماعت کے پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ میں ٹکٹ کے لئے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی بورڈ نے صوبہ پنجاب سے پارٹی کے پانچ رہنماؤں کے ناموں کی منظوری دی ہے۔ ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جنرل سیٹ پر پرویز رشید، مشاہد اللہ خان اور پروفیسر ساجد میر کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے۔

خواتین کی نشست پر بیرسٹر سعدیہ عباسی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کی مقامی تنظیم صوبے سے سینیٹ میں پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرے گی۔

ادھر پیپلز پارٹی نے سینیٹ امیدواروں کے ناموں کو بھی حتمی شکل دیدی ہے۔ جی ڈی اے نے بھی اپنا امیدوار میدان میں اتار دیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی امیدواروں کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔

ترجمان بلاول ہاﺅس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ سے جرنل نشستوں پر جام مہتاب ڈاہر، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان اور شہادت اعوان امیدوار ہیں۔

خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر پلوشہ خان اور خیر النساء مغل امیدوار جبکہ رخسانہ شاہ متبادل امیدوار ہوں گی۔ سندھ سے ٹیکنوکریٹ کی دو نشستوں پر فاروق ایچ نائیک، ڈاکٹر کریم خواجہ اور شہادت اعوان امیدوار ہوں گے۔ پنجاب سے عظیم الحق منہاس جرنل نشست پر امیدوار ہوں گے۔

ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق تجویز دی گئی ہے کہ اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی اور خیبر پختونخوا سے فرحت اللہ بابر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار ہوں۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے پیر صدر الدین شاہ راشدی کو متفقہ امیدوار نامزد کیا ہے۔

دوسری طرف ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی جرنل نشست کیلئے فیصل سبزواری، خواجہ سہیل منصور اور وسیم اختر کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔

ٹیکنوکریٹ کی نشست پر رﺅف صدیقی، اقبال قادری، شہاب امام جبکہ خواتین کی نشست کیلئے نسرین جلیل، ثمن جعفری کے نام پر غور ہوا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے چار سینیٹرز میاں عتیق، خوش بخت شجاعت، نگہت مرزا حنا اور بیرسٹر سیف مدت پوری کرکے ریٹائر ہو جائیں گے۔

سینیٹ انتخابات کیلئے عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا نے تمام نشستوں پر نامزدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ جنرل نشست پر حاجی ہدایت اللہ، ٹیکنو کریٹ پر ڈاکٹر شوکت جمال امیرزادہ امیدوار ہوں گے۔ خواتین کی نشست پر ڈاکٹر تسلیم بیگم، اقلیتی نشست پر آصف بھٹی اے این پی کے امیدوار ہوں گے۔

جمیعت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے مولانا عطاء الرحمان، طارق خٹک، زبیر علی، عبدالغفور حیدری، خلیل بلیدی اور نعیمہ کشور امیدوار ہونگے، انھیں پارٹی ٹکٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔
 

Advertisement