'سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کی پریشانی کی وجہ پارٹی سے باہر لوگوں کو ٹکٹ دینا ہے'

Published On 14 February,2021 03:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیرِ اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کہتے ہیں سینیٹ کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی پریشانی کی وجہ ایسے لوگوں کو ٹکٹ دینا ہے جن کا تعلق پارٹی سے نہیں۔ باہر سے مہنگی اور غیرمعیاری گندم درآمد کی گئی، ان کی نااہلی کی وجہ سے عام آدمی کا جینا محال ہوگیا ہے۔

کراچی کے علاقے گرومندر کے قریب دسترخوان کے افتتاح کے بعد میڈیاسے گفتگو میں ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو اپنے ہی ارکان پر شک ہے کیونکہ انھوں نے خود اچھے کام نہیں کئے۔ سینیٹ انتخابات سے متعلق ترامیم میں یہ کہا گیا ہے کہ دوہری شہریت کاحامل امیدوارالیکشن میں کھڑا ہو سکتاہے اور جیتنے کے بعد اپنی دوہری شہریت چھوڑ سکتا ہے۔

ناصر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وفاق کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عام آدمی کاجینا مُحال ہو گیا ہے۔ اگرکسی کوروٹی میسر ہے تودوائی کے لئے پریشان ہے۔ سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کرتا ہے مگر ہمارا حق ہمیں نہیں مل رہا۔ آٹا مہنگا ہوا اور ذمہ دار سندھ کو ٹھرایا جا رہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ سندھ میں سب سے کم قیمت آٹا ملے۔ سندھ حکومت پر تین لاکھ ٹن گندم کھانے والی بات پی ٹی آئی والوں کی جانب سے پھیلائی گئی، جو مفروضہ ہے اس میں حقیقت کچھ نہیں۔

 

Advertisement