پنجاب اور خیبر پختونخوا کی 4 خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن 19 فروری کو ہونگے

Published On 18 February,2021 05:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جن خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات شیڈول ہیں ان میں این اے 45 کرم، این اے 75 سیالکوٹ، پی پی 51 گوجرانوالہ اور پی کے 63 نوشہرہ شامل ہیں۔

پولنگ سٹیشنز کے باہر تعینات رینجرز اور ایف سی کے سیکیورٹی افسران کسی بھی بے ضابطگی یا خلاف ورزی پر کارروائی کر سکیں گے۔

تمام سیکورٹی افسران کارروائی سے قبل متعلقہ پریذائیڈنگ افسران کو آگاہ کرنے کے پابند ہونگے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ضلع سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کی نشست لیگی ایم این اے سید افتخار الدین عرف ظاہرے شاہ کی اگست 2020ء میں وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

صوبائی اسمبلی پی پی 51 ضلع گوجرانوالہ شہر وزیر آباد کی نشست ن لیگ کے ہی ایم پی اے چودھری شوکت منظور چیمہ کی جون 2020ء میں کورونا کے باعث وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔

مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات کے لیے دونوں نشستوں پر خواتین امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔ حلقہ این اے 75 پر نوشین افتخار کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے جو کہ مرحوم سید افتخار الدین کی صاحبزادی ہیں۔

حکومتی اتحاد کی جانب سے علی اسجد ملہی میدان میں ہیں۔ اسی طرح پی پی 51 پر ٹکٹ چودھری شوکت منظور چیمہ کی اہلیہ طلعت منظور چیمہ کو دی گئی ہے۔

تحریک انصاف کے چوہدری یوسف مہر ان سے مقابلہ کرینگے۔ این اے 45 میں پی ٹی آئی امیدوار فخر زمان خان جمعیت علمائے اسلام کے ملک جمیل خان مدمقابل ہیں۔

نوشہرہ میں پی کے 63 پر مسلم لیگ ن کے اختیار ولی اور تحریک انصاف کے عمر کاکا خیل کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

 

Advertisement