آئندہ نسلوں کیلئے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ضروری ہے: وزیراعظم

Published On 28 February,2021 10:38 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے دورہ جہلم کے دوران قلعہ نندنہ کے تاریخی البیرونی مقام پر ہیریٹج ٹریل کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آئندہ نسلوں کیلئے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ضروری ہے۔

دورہ جہلم کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر فواد چودھری اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی موجود تھے۔  ہیریٹج ٹریل کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو  میں وزیراعظم نے کہا کہ تاریخی مقامات کے تحفظ سے نئی نسل کو اپنے ماضی سے متعلق آگاہی ملتی ہے، سیاحت کے فروغ سے علاقے میں بے روزگاری ختم کی جا سکتی ہے۔ باغان والا گاؤں کو ماڈل ویلج بنائیں گے۔ البیرونی نے پہلی بار یہاں زمین کی پیمائش کی۔ مقامی نوجوانوں کو روز گار دے کر غربت میں کمی لائیں گے۔

تاریخی مقام البیرونی میں ہیریٹج ٹریل کا افتتاح اس کی ثقافتی اہمیت کے سبب کیا گیا ہے جہاں گیارھویں صدی میں معروف دانشور ابوریحان البیرونی نے  قیام کے دوران زمین کا محیط معلوم کیا۔ بعد میں البیرونی نے اس علاقے کے بارے میں ایک مشہور کتاب لکھی اور نندانہ کو بڑا علمی مرکز قرار دیا۔

وزیراعظم ٹلہ جوگیاں نیشنل پارک، سالٹ رینج نیشنل پارک کا افتتاح بھی کریں گے، 6 پروٹیکیٹڈ ایریاز میں خیری مورت نیشنل پارک، چھنجی نیشنل پارک کے علاوہ نمل ویٹ لینڈ، چشمہ ویٹ لینڈ نیچرریزروز بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم کوسالٹ رینج میں جنگلی حیات کے تحفظ، ماحولیاتی تحفظ پربریفنگ دی جائےگی۔

 

Advertisement