بلوچستان میں 14 اگست تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان

Published On 09 August,2022 11:26 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں کی تباہ کن صورتحال کے بعد پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ 10 اگست سے 14 اگست تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ 16 اضلاع میں شدید بارشیں متوقع ہیں، بارشوں سے بلوچستان کے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یکم جون سے 6 اگست مختلف حادثات میں 176 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 77 مرد، 44 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں۔ ہلاکتیں بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں، اس دوران حادثات کا شکار ہوکر 75 افراد زخمی ہوئے، صوبے بھر میں 18 ہزار 87 مکانات کو نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں میں 670 کلو میٹر مشتمل مختلف 6 شاہراہیں شدید متاثر ہوئیں، بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر 16 پلوں کو نقصان پہنچا، 23 ہزار 13 مال مویشی ہلاک ہوئے، 1 لاکھ 98 ہزار 461 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئیں، بارشوں اور سیلاب سے سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو بھی نقصان پہنچا۔
 

 
Advertisement