سعودی عرب : گھڑ ریس کی بجائے خواتین کے نت نئے فیشن توجہ کا مرکز

Published On 23 February,2021 11:46 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ہونے والےدنیا کے مہنگے گھڑ دوڑ مقابلے میں ریس کی بجائے خواتین کا فیشن توجہ کا مرکز رہا،گھڑ دوڑ میں سعودی عرب کے گھوڑے نے امریکی گھوڑے کو شکست دی۔

رپورٹ کے مطابق سعود کپ کے نام سے ہونے والی گھڑ ریس 20 سے 21 فروری تک جاری رہی جس میں خلیجی و یورپی ممالک کے گھڑسواروں نے حصہ لیا۔ ریس سے قبل امریکی گھوڑے شارلٹن کو مرکزی حیثیت حاصل تھی اور عمومی خیال یہی تھا کہ وہی ریس جیتے گا تاہم جب ریس شروع ہوئی تو تمام اندازے غلط ثابت ہوئے۔

فائنل ریس میں سعودی گھوڑے مشرف نے شارلٹن سمیت تمام گھوڑوں کو پیچھے چھوڑ دیا ،اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی شریک تھے جنہوں نےفاتح گھڑسوارعدل الفیرودی کو 2 کروڑ ڈالر کی رقم اور ایوارڈ سے نوازا۔

ریس کے دوران عرب خواتین اپنی سج دھج دکھاتی رہیں اور نت نئے فیشن متعارف کروائے۔ایونٹ کے پہلے روز ہندااسیرافی اپنے ملبوسات کے سبب نمایاں نظر آئیں جبکہ ہالا الحارثی اور دیگر خواتین نے بھی جدید تراش خراش کے ملبوسات زیب تن کر رکھے تھے۔مقابلوں کے دوران29 سالہ دلما ملہاس بھی جلوے بکھیرتی رہیں اور انہیں تقریب میں مرکزی حیثیت حاصل رہی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں سپورٹس اور شوبز ایونٹس پہلے بھی منعقد ہوتے ہیں تاہم اس دفعہ پہلی مرتبہ دیکھا گیا کہ گھڑ ریس کے دوران خواتین کے فیشن بھی توجہ کا مرکز رہے۔
 

Advertisement