پیٹ بھر کر ناشتہ کرنا اچھی صحت کے لیے ضروری

Last Updated On 14 June,2019 10:39 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) ہر دن ناشتہ چھوڑ کر مزید 20 یا 30 منٹ سو لینا پرکشش لگ سکتا ہے تاہم حالیہ ریسرچ میں ایسا کرنے پر خبردار کیا گیا ہے۔ کئی سالوں سے تحقیقات میں یہ بات سامنے آتی رہی ہے کہ بھاری ناشتہ صحت کیلئے فائدہ مند ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک سروے میں بھاری ناشتہ کرنیوالے بچوں کو ان بچوں سے بہتر پایا گیا جو ہلکا ناشتہ کرتے تھے تاہم ہارورڈ یونیورسٹی کی حالیہ ریسرچ میں یہ بات پائی گئی کہ یہ بات بڑوں پر بھی لاگو ہوتی ہے جبکہ یہ عادت امراض قلب سے بچانے میں بھی سودمند ثابت ہوسکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ بات زیادہ اہمیت نہیں رکھتی کہ آپ ناشتے میں کیا کھاتے ہیں بلکہ اس وقت زیادہ اہمیت کا حامل ہے، ناشتہ اس لئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیوں کہ اس سے پہلے آپ نے کافی دیر سے کچھ نہیں کھایا ہوتا۔

اس وقت کو مزید بڑھانے سے ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماریاں ہوسکتی ہیں، بھاری ناشتے سے وزن کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ ریسرچ میں یہ بات پائی گئی کہ جن افراد نے بھاری ناشتہ کیا اور دوپہر اور شام میں ہلکا کھانا کھایا انہوں نے 3 ماہ کے دوران 17.8 پاونڈز کم کئے جبکہ جن لوگوں نے ناشتہ چھوڑ کر کھانا بھاری کھایا انہوں نے صرف 7.3 پاؤنڈز کم کئے۔
 

Advertisement