تیزابیت کی عام دوا سے معدے کے سرطان کا دُگنا خطرہ

Last Updated On 01 October,2019 12:02 pm

لندن: (روزنامہ دنیا) معدے میں تیزابیت کی ایک عام دوا اگر مسلسل استعمال کی جائے تو اس سے معدے کے سرطان کا خطرہ دُگنا بڑھ سکتا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی طرح پی پی آئی کی حامل ادویہ استعمال نہ کی جائیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ انکشاف ہوا ہے کہ پروٹون پمپ انہیبیٹر (پی پی آئی) قسم کی ادویہ معدے کی تیزابیت کو دبانے کیلئے دنیا بھر میں عام استعمال کی جاتی ہیں ایسی ہی ایک دوا زینٹیک پاکستان میں بھی استعمال ہوتی رہی ہے جس پر اب پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس سے قبل ماہرین انکشاف کر چکے ہیں کہ ایچ پائلوری پی پی آئی کے ساتھ مل کر سرطان سے پہلے کی ایک کیفیت ایٹروفِک گیسٹرائٹس کی وجہ بنتا ہے اور دھیرے دھیرے یہ معدے کے سرطان میں بدل جاتا ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن کے پروفیسر ایان وونگ کی ٹیم نے ہانگ کانگ میں رہنے والے 63,397 ایسے افراد کا جائزہ لیا جنہیں ایچ پائلوری قابو کرنے کیلئے ایک پی پی آئی اور دو اینٹی بائیوٹکس دی گئی تھیں۔

ان افراد کا ساڑھے سات برس تک جائزہ لیا گیا جنہوں نے صرف پی پی آئی تین سال سے زائد عرصے تک کھائی ان میں معدے کے سرطان کا خطرہ ڈھائی گنا تک بڑھا اور 153 افراد کینسر کے چنگل میں آ گئے۔ اس طرح ماہرین نے خبردار کیا کہ کسی بھی طرح پی پی آئی کی حامل ادویہ استعمال نہ کی جائیں۔