ٹویٹر کی سخت نئی پالیسی، ناپسندیدہ پیغامات کیلئے نیا فلٹر متعارف

Last Updated On 02 October,2019 03:38 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر نے مزید سخت نئی پالیسی متعارف کراتے ہوئے ناپسندیدہ پیغامات کے لیے نیا فلٹر متعارف کرا دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو ماہ قبل اگست میں سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر نے ڈائریکٹ میسج فیچر کی پرائیوسی کو مدنظر رکھتے ہوئے فلٹر کی آزمائش شروع کی تھی اور واضح کیا تھا کہ موصول ہونیوالے ناپسندیدہ پیغامات مذاق نہیں ہیں۔

ٹویٹ کرتے ہوئے ٹوئٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے filter unwanted direct message یعنی ناپسندیدہ پیغامات کے لیے فلٹر کی آزمائش مکمل کرلی ہے جو آئی او ایس، اینڈرائڈ اور ویب تینوں ورژن میں شامل کیا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صارفین کسی بھی ناپسندیدہ پیغام کو نظر انداز کر سکیں گے اور فلٹر کی مدد سے صارف کو پتہ چل جائے گا کہ انہیں ڈائریکٹ میسج میں نازیبا، نفرت انگیز یا ایسا پیغام موصول تو نہیں ہوا جو ان کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔

 

یاد رہے کہ اس سے قبل ٹوئٹر نفرت انگیز اور نازیبا تبصروں پر بھی پرائیوسی آپشن فراہم کر چکا ہے۔
 

Advertisement