بلیاں بھی کتے کی طرح اپنے مالک سے مانوس ہوتی ہیں، تحقیق

Last Updated On 03 October,2019 03:26 pm

نیویارک: (روزنامہ دنیا) کتوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک وفادار جانور ہے اور کتے اپنے مالکوں سے مضبوط تعلق قائم کرلیتے ہیں مگر بلیوں کے بارے میں ایسا خیال نہیں کیا جاتا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بلیوں کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ وہ خود مختار ہوتی ہیں اور اپنا خیال رکھنے والوں سے جذباتی طور پر زیادہ قریب نہیں ہوتیں تاہم سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ بالکل غلط ہے، درحقیقت بلیاں بھی اپنے مالکان یا خیال رکھنے والوں سے بچوں اور کتوں کی طرح مضبوط تعلق قائم کر لیتی ہیں۔

سائنسدانوں نے یہ دلچسپ دعویٰ امریکا کی اوریگن سٹیٹ یونیورسٹی کی ہیومین اینیمل انٹرایکشن لیب میں تحقیق کے بعد کیا ہے۔ تحقیق میں کہا گیا کہ یہ پہلی بار ہے جب بلیوں اور انسانوں کے درمیان تعلق پر اس طرح تحقیق کی گئی اور نتائج سے معلوم ہوا کہ بلیاں بھی اپنے خیال رکھنے والے ننھے بچوں اور کتوں جیسا تعلق مضبوط کر لیتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق خود کو غیرمحفوظ سمجھنے والی بلیاں ہوسکتا ہے گھر سے بھاگ جائیں اور چھپ جائیں یا الگ تھلگ رہنے لگیں مگر بیشتر بلیاں اپنے مالکان کو تحفظ کا ذریعہ سمجھتی ہیں، وہ خود کو محفوظ سمجھنے کیلئے ان پر انحصار کرتی ہیں۔

اس تحقیق کے دوران بلیوں پر وہ تجربات کئے گئے جو اس سے پہلے محققین کتوں اور چھوٹے بچوں پر کرچکے ہیں۔ اس تحقیق کے دوران مزید تجربات بھی کئے گئے جس کیلئے 70 بلی کے بچوں اور 38 ایک سال سے زائد عمر کی بلیوں کو دیکھا گیا اور مجموعی طور پر 64.3 فیصد بلی کے بچوں نے اپنے مالکان کی موجودگی میں تحفظ کے احساس سے جڑنے والے روئیے کا اظہار کیا جبکہ 35.7 فیصد نے عدم تحفظ والا رویہ اپنایا۔ اس کے مقابلے میں ایک سال سے زائد عمر کی 65.8 فیصد بلیوں نے تحفظ کے احساس جبکہ 34.2 فیصد نے عدم تحفظ کا اظہار کیا۔
 

Advertisement