وزن میں 10 فیصد کمی کر کے ذیابیطس پر قابو پانا ممکن

Last Updated On 03 October,2019 12:10 pm

لندن: (روزنامہ دنیا) برطانوی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ وہ مریض جو ٹائپ 2 ذیابیطس لاحق ہونے کے پانچ سال میں اپنے وزن میں کم از کم 10 فیصد تک کمی کرلیتے ہیں، وہ اس بیماری کا اثر بڑی حد تک زائل کردیتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر وزن میں کمی کا تناسب اس سے کچھ زیادہ ہو تو مزید مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ یونیورسٹی آف کیمبرج کے ماہرین کی سرکردگی میں کئے گئے مطالعہ میں 40 سے 69 سال کے ایسے 867 افراد کا جائزہ لیا گیا جو ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا تھے۔ 5 سالہ مطالعہ میں لوگوں کے رہن سہن، معمولات اور طرزِ حیات پرخصوصی نظر رکھی گئی۔


مطالعے کے نتائج سے پتہ چلا کہ وہ لوگ جنہوں نے ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے پہلے پانچ سال میں اپنا وزن 10 فیصد یا اس سے زیادہ گھٹا لیا تھا، ان میں یہ بیماری تقریباً ختم ہوگئی تھی۔ دوسری جانب جن لوگوں کا وزن کم نہیں ہوا ، ان میں بیماری کی شدت مسلسل بڑھتی رہی۔
 

Advertisement