لیموں کے 14 فائدے، آپ بھی مستفید ہو سکتے ہیں

Published On 14 Feb 2016 06:26 PM 

لیموں گرمیوں میں اپنے رس کی بدولت پاکستان سمیت دنیا بھر میں بہت زیادہ استعمال ہونیوالا پھل ہے۔


لاہور: (دنیا نیوز) کیا آپ کو معلوم ہے کہ کھانے یا پینے سے ہٹ کر بھی لیموں کیا کرشمے دکھا سکتا ہے؟۔ درحقیقت یہ ترش پھل آپ کو صحت مند، خوبصورت، صفائی دے سکتا ہے اور اچھا باورچی بنا سکتا ہے۔
فریج میں بس جانے والی بو کو ختم کرنے کیلئے لیموں کے رس سے کسی روئی یا سفنج کو بھگوئیں اور اسے کچھ گھنٹوں کیلئے فریج کے اندر چھوڑ دیں۔ اس دوران یہ بات یقینی بنائیں کہ کوئی بو پیدا کرنے والی چیز فریج میں نہ ہو۔
آپ بدنما المونیم کے برتنوں کو اندر اور باہر سے چمکانا چاہتے ہیں تو لیموں کو آدھا کاٹ کر اسے برتن پر ہر جگہ رگڑیں اور پھر کسی نرم کپڑے سے پونچھ دیں۔
آپ کو مہنگے سپرے کی ضرورت نہیں جو چیونٹیوں کو کچن سے دور رکھ سکے۔ سب سے پہلے تو لیموں کا رس کچھ مقدار میں فرش پر دہلیز کے مقام پر اور کھڑکیوں پر چھڑک دیں۔ اس کے بعد ایسے کسی سوراخ یا دراڑ میں اس رس کو ڈالیں جہاں سے چیونٹیاں آتی ہوں۔ آخر میں لیموں کے چھلکے کے چھوٹے ٹکڑے کرکے بیرونی دروازے کے گرد رکھ دیں، چیونٹیاں دور ہو جائیں گی۔
لیموں لال بیگ اور پسو وغیرہ کیلئے بھی کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ سب سے پہلے چار لیموں کا رس چھلکوں سمیت 2 لٹر پانی میں مکس کریں اور پھر فرش کو اس سے دھو لیں اور پھر آپ خود لال بیگوں کو وہاں سے بھاگتے ہوئے دیکھیں گے کیونکہ انہیں اس کی خوشبو سے نفرت ہے۔
مائیکرو ویو کے اندر اکثر چکنائی اور دیگر چیزیں جم جاتی ہیں اور ان کی صفائی اگر کھرچے یا کسی تیز کلینر سے نہ کرنا چاہیں تو تین چائے کے چمچ لیموں کے رس کو ڈیڑھ کپ پانی میں مکس کرکے کسی مائیکرو ویو میں رکھے جانیوالے ڈونگے میں رکھ دیں۔ اس کے بعد مائیکرو ویو کو 5 سے 10 منٹ تک چلائیں جس سے پیدا ہونے والا دھواں اندرونی دیواروں اور چھت میں جذب ہو جائے گا جس کے بعد جم جانے والی چکنائی یا دیگر دیگر چیزیں نرم ہو جائیں گی جنہیں صاف کر لیں
جب آپ کے پاس لیموں کا عرق ہے تو مہنگی کریموں کو کیوں خریدتے ہیں۔ چہرے یا جسم پر چھائیاں پڑ جانے پر لیموں کے عرق کو براہ راست متاثرہ حصے پر رگڑ کر 15 منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر دھو لیں۔ یہ جلد کو جگمگانے والا ایک محفوظ اور موثر پھل ہے۔
آپ اپنے چہرے کو لیموں کے عرق سے دھوئیں تو یہ قدرتی کلینر کا کام کرتا ہے اور چند دن تک اس کے استعمال سے جلد میں نمایاں بہتری آتی ہے۔
اگر سر میں کھجلی اور خشکی نے آپ کو تنگ کر رکھا ہے تو اس سے ریلیف کیلئے دو چائے کے چمچ لیموں کے عرق کی مالش اپنے سر پر کریں اور پھر پانی سے دھو لیں۔ اس کے بعد ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس ایک کپ پانی میں ملائیں اور اس سے اپنے بال دھو لیں۔ اس عمل کو روزانہ اس وقت تک دہرائیں جب تک خشکی غائب نہ ہو جائے
چھوٹی خراشیں آ جانے پر ان پر کچھ قطرے لیموں کا رس ڈالیں یا روئی کو رس میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر ایک منٹ تک کے لیے دبا کر رکھیں۔
اگر آپ نے مسوں سے نجات کیلئے متعدد نسخے آزمائے ہیں اور کوئی کام نہیں آیا تو اگلی بار روئی کے ذریعے لیموں کے رس کو براہ راست اس جگہ پر لگائیں۔ اس عمل کو اتنے دن تک دہرائیں جب تک لیموں کے عرق میں موجود تیزابی اثرات مسوں کو مکمل طور پر تحلیل نہ کر دیں
گرم پانی میں لیموں کا عرق شامل کریں اور اس میں اپنے سفید کپڑے بھگو دیں۔ کچھ دیر بعد انہیں معمول کی طرح نچوڑ کر دھو لیں۔ اس کے علاوہ آپ واشنگ مشین میں بھی بلیچ کی جگہ آدھا کپ لیموں کا جوس ڈال کر بھی بہترین نتیجہ حاصل کر سکتے ہیں۔
اپنے سفید کپڑوں کو زیادہ سفید کرنا چاہتے ہیں تو لیموں کا رس کپڑے دھونے والے پانی میں ملا دیں۔ آپ کے کپڑے زیادہ جگمگانے لگیں گے جبکہ ان میں لیموں کی خوشبو بس جائے گی۔
سنگ مرمر کے فرش پر سے زنگ کے دھبوں کو ہٹانے کیلئے کھانے کا سوڈا داغ پر چھڑکیں اور اس پر کچھ لیموں کا رس ڈال دیں۔ اس جگہ کو رگڑیں، ضرورت پڑنے پر پھر سوڈا اور لیموں کا عرق ڈالیں۔ اس کے بعد صاف گیلے کپڑے سے اس جگہ کو صاف کر دیں۔ آپ کا فرش جگمگانے لگے گا۔
فرنیچر کو پالش کریں اپنے گھر کے فرنیچر کیلئے گھریلو ساختہ پالش تیار کریں جس کی مہک اچھی اور لاگت کسی عام پالش کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ بس لیموں سے رس نکال کر اسے زیتون کے تیل میں شامل کریں ہلانے کے بعد اس محلول کو کپڑے پر ڈال کر اپنے فرنیچر کو پالش کریں۔ آپ کرسیوں اور میزوں کی چمک کو دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔
پانی کے نتیجے میں نلکوں اور شاور وغیرہ پر نظر نہ آنے والے دھبے پڑ جاتے ہیں اور بتدریج جم کر موٹے ہوتے چلے جاتے ہیں جس کی صفائی کیلئے ایک لیموں کو کاٹ کر اسے اپنے نلکے یا شاور پر رگڑیں جس سے نلکے اور شاور چمکنے لگیں گے۔