درختوں کا وہ سمندر جہاں لوگ خودکشی کرتے ہیں

Published On 05 Jan 2018 11:10 AM 

جاپان میں ایک ایسا جنگل بھی موجود ہے جسے درختوں کا سمندر کہا جاتا ہے اور جہاں لوگ خودکشی کرنے کیلئے آتے ہیں

لاہور (نیٹ نیوز)درختوں سے بھرے اس سمندر کی خاص بات یہ ہے کہ اسے   خودکشی کا جنگل   بھی کہا جاتا ہے جہاں جاپان بھر سے لوگ صرف اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے آتے ہیں۔ جاپان میں یہ جنگل کئی سال سے موجود ہے اور وہاں پر لوگوں کی جانب سے خودکشی کرنا بھی کوئی نئی بات نہیں تاہم دنیا اس خوفناک جنگل سے گزشتہ ہفتے اس وقت روشناس ہوئی جب معروف امریکی یوٹیوب بلاگر لوگن پال نے اس جنگل کی ایک ویڈیو پوسٹ کی۔

لوگن پال کے یوٹیوب پر ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ سبسکرائبرز موجود ہیں اور ان کی ویڈیوز لاکھوں بار دیکھی جاچکی ہیں۔ خیال رہے کہ ٹوکیو سے 2 گھنٹے کی مسافت پر جاپان کے سب سے بلند پہاڑ کوہ فیوجی کے دامن میں واقع   اے اکیگہارا   نامی اس جنگل سے متعلق کئی دیو مالائی قصے مشہور ہیں، اس جنگل کی پراسراریت پر ناول لکھے جانے سمیت فلمیں بھی بنائی گئی ہیں۔ مقامی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اس جنگل میں 2013 سے 2015 تک 100 افراد نے خودکشی کی، تاہم جاپان کی وزارت لیبر اینڈ ہیلتھ کے اعداد و شمار کے مطابق صرف 2015 میں یہاں 24 ہزار لوگوں نے انتہائی سنگین قدم اٹھایا۔