ایک منٹ میں 49حیرت انگیز کمالات،کتے نے ریکارڈ بنا ڈالا

Last Updated On 28 June,2018 10:24 am

لاہور(نیٹ نیوز) یوں تو نت نئی ا نوکھی اوردلچسپ حرکات کر کے اکثر پالتو کتے اپنے مالکان کا دل بہلاتے نظر آتے ہیں لیکن اب ذرا اس کتے سے بھی مل لیں جس کی صلاحیتوں کے سامنے سب کا ٹیلنٹ ماند پڑ جاتا ہے ۔

 

یہ کیوٹ کتا ایک منٹ میں سب سے زیادہ 49کمالات دکھاکر منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر چکا ہے ۔ کئی ریئلٹی شوزمیں جلوہ گر ہونے والے کولی نے اپنی ٹرینر سارہ کی مدد سے ایک منٹ میں نا صرف اپنی اگلی بلکہ پچھلی ٹانگوں پرالگ الگ چلنے کی ٹرِک پیش کی اور کہیں کئی فٹ بلند اونچی چھلانگ لگا کر فضا میں اڑتی فرسبی کیچ کر کے سب کو حیران کر دیا۔

رکاوٹیں پھلانگنے سے لے کر تنگ پائپ کراس کرنے ،رِنگز میں سے گزرنے اور پچھلی ٹانگوں پر کھڑے ہو کر ٹرینر کے گرد گھومنے سمیت کئی شاندار ٹِرکس پیش کئے اور اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروالیا ہے ۔