دو بینک لوٹ کر سائیکل پر فرار ہونیوالا ڈاکو اگلے روز گرفتار

Published On 26 August,2020 06:51 pm

برلن: (ویب ڈیسک) جرمن دارالحکومت اور شہری ریاست برلن میں تھوڑے سے وقت میں دو بینک لوٹ کر سائیکل پر فرار ہو جانے والا ڈاکو اگلے ہی روز گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی، جس کی پولیس نے مالیت نہیں بتائی۔

پولیس کے مطابق یہ ملزم، جو ایک سائیکل پر سوار تھا اور جس نے چہرے پر کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ماسک بھی پہنا ہوا تھا، پچیس اگست کو شہر کے شوئنے بیرگ کہلانے والے علاقے میں ایک بینک میں گیا۔ وہاں اس نے بینک کیشیئر کو خنجر دکھا کر جان سے مار دینے کی دھمکی دی اور رقم کا مطالبہ کر دیا۔

اس بینک سے رقم لوٹنے کے کچھ ہی دیر بعد یہ ملزم برلن کے علاقے شارلوٹن برگ میں  کُوڈام‘ کی مشہور شاہراہ پر بھی ایک بینک میں چلا گیا۔ وہاں بھی اس نے اسی طرح کیشیئر کو ڈرا کر اس سے رقم لی اور فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق عجیب بات یہ تھی کہ ان دونوں وارداتوں کے دوران ملزم نے ہوائی چپل پہنی ہوئی تھی اور وہ دونوں بینک لوٹ کر اپنی سائیکل پر فرار ہوا تھا۔ دونوں بینکوں نے ان وارداتوں کی فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے دی تھی۔

ان وارداتوں کی تفتیش اور ملزم کی تلاش کا کام پولیس کے اسپیشل آپریشنز یونٹ کو سونپا گیا، جس کے ماہرین کی مشتبہ ڈاکو کی شناخت میں فیصلہ کن مدد بینکوں میں لگے سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج نے کی۔

نتیجہ یہ نکلا کہ چھبیس اگست کی صبح آٹھ بجے کے قریب اس 39 سالہ مبینہ ڈاکو کو اس کے فلیٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔

اس ملزم کو برلن کے علاقے شوئنے بیرگ سے ہی گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی رہائش گاہ لوٹے گئے دونوں بینکوں سے زیادہ دور نہیں تھی۔

پولیس نے تاہم پرسنل پرائیویسی کے جرمن قانون کے تحت ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ اس نے دونوں وارداتوں میں کل کتنی رقم لوٹی تھی۔
 

Advertisement