سوشل میڈیا سٹار نے 3 کروڑ کی گاڑی 15 کلو میٹر چلانے کے بعد آگ لگا دی، ویڈیو وائرل

Published On 28 October,2020 05:23 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہکاں پر ایک معروف ولاگر نے تین کروڑ روپے کی لگژری مرسیڈیز کے بار بار خراب ہونے پر مایوس ہو کر اسے آگ لگا دی۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ولاگر میکھیل لِٹون نے گزشتہ سال دسمبر میں ایک لاکھ 70 ہزار ڈالرز کی ایک برانڈ نیو لگژری مرسڈیز خریدی تھی۔ اتنی مہنگی گاڑی خریدنے کے بعد انہیں امید تھی کہ یہ کارکردگی میں بہترین ہونے کے ساتھ ساتھ پائیدار بھی ہوگی لیکن ان کا کہنا تھا کہ حقیقت میں ایسا بالکل نہ تھا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق میکھیل لِٹون کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ گاڑی صرف 15 کلو میٹر ہی چلائی تھی اور اس کے باوجود یہ 10 ماہ کے دوران متعدد بار ٹھیک ہونے کے لیے ورکشاپ پر گئی۔ بار بار گاڑی خراب ہونے سے تنگ آکر بالآخر انہوں نے اس گاڑی کو جلانے کا فیصلہ کیا تاکہ انہیں بار بار کی پریشانی سے چھٹکارا حاصل ہو سکے۔

میکھیل لِٹون کی گاڑی تقریباً 4 مرتبہ مرسیڈیز سروس شاپ پر گئی اور وہ ہمیشہ ان سے یہی کہا گیا وہ پیسے لیے بغیر ہی گاڑی کی خرابی کو ٹھیک کر دیں گے لیکن جیسے ہی وہ سروس شاپ سے اپنی گاڑی واپس لاتے تھے تو اس میں پھر کوئی نہ کوئی خرابی ہو جاتی تھی۔

ولاگر نے دعویٰ کیا کہ آخری مرتبہ مرسڈیز سروس شاپ نے ان کی گاڑی ٹھیک کرنے سے منع کردیا تھا جس کے بعد یہ اسے دوست کی ورک شاپ پر لائے جہاں انہیں یہ معلوم ہوا کہ جب انہوں نے اپنی گاڑی ٹھیک کرنے کے لیے دی تھی تو مرسڈیز سروس شاپ نے ان کہ گاڑی کے خراب ہونے والے اصل پارٹس کو عام مارکیٹ سے خریدے ہوئے پارٹس سے تبدیل کردیا۔

گاڑی کی خرابیوں پر بار بار ورکشاپ جا کر تنگ ہونے کے بعد میکھیل لِٹون نے اسے جلانے کا فیصلہ کیا۔ ولاگر نے اپنی گاڑی جلانے کا ایک ولاگ بھی یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک کھلے میدان میں اپنی لگژری مرسڈیز روکتے ہیں اور پھر اس پر اچھی طرح پیٹرول چھڑکنے کے بعد اسے آگ لگا دیتے ہیں۔

Advertisement