وفا کی اعلیٰ مثال: کتا ہسپتال میں زیر علاج مالک کے ٹھیک ہونے تک انتظار کرتا رہا

Published On 23 January,2021 08:06 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) وفا کی اعلیٰ مثال ، ترکی سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر ایک وفادار کتا کئی روز تک ہسپتال کے باہر اپنے مالک کا انتظار کرتا رہا جو کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں زیرِ علاج تھا۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ کتے کو بنجوک کے نام سے پکارا جاتا ہے جس کے معنی مالا کے موتی کے ہیں۔ بنجوک اُس وقت سے ہسپتال کے باہر موجود تھا جب اس کے مالک کو بحیرہ اسود کے شہر طرابزون کے ایک ہسپتال میں داخل کرنے کے لیے ایمبولینس میں منتقل کیا گیا۔ کتا ایمبولینس کے ساتھ ساتھ ہسپتال تک آیا اور وہیں ہسپتال کے باہر اپنے مالک کا انتظار کرتا رہا۔

ترکی کے مقامی خبر رساں ادارے  ڈی ایچ اے  کی رپورٹ کے مطابق 14 جنوری کو کمال ترک نامی مریض کو کرونا کے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جس کے بعد سے یہ کتا وہیں ہسپتال کے باہر کھڑا رہا۔

ہسپتال میں زیرِ علاج کتے کے مالک کی بیٹی اینر ایگیلی کا کہنا تھا کہ وہ بنجوک کو ساتھ گھر لے جاتی تھیں لیکن یہ پھر ہسپتال پہنچ جاتا ہے۔

ہسپتال کی سیکیورٹی پر مامور محافظ محمد اکدینز نے کہا کہ یہ کتا روزانہ صبح نو بجے ہسپتال کے باہر پہنچ جاتا تھا اور رات تک یہاں موجود رہتا تھا۔ البتہ اس نے کبھی ہسپتال کے اندر داخل ہونے کی کوشش نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی ہسپتال کے شیشوں کا خود کار مرکزی دروازہ کھلتا تو یہ کتا سر اندر کر کے ہسپتال کے اندر جھانکنے کی کوشش کرتا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق بدھ کو کمال سین ترک کو ہسپتال کے باہر لایا گیا تاکہ وہ اپنے اس وفادار کتے سے مل سکیں۔ کمال ترک کی وہیل چیئر جب ہسپتال سے باہر لائی گئی تو کتے نے خوشی سے اس کے گرد چکر لگائے اور اپنے مالک کے پیروں میں کھیلنے لگا۔

بنجوک کے حوالے سے کمال ترک کا کہنا تھا کہ اس نے مجھے بہت یاد کیا ہے جب کہ مجھے بھی اس کی شدت سے یاد آئی۔ کمال ترک کو بعد ازاں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا تھا اور وہ بنجوک کے ہمراہ گھر منتقل ہو گئے ہیں۔

Advertisement