افغانستان : مٹی کے تودے گرنے سے اکیس سو افراد ہلاک, چار ہزار لاپتہ

Published On 03 May 2014 11:09 AM 

کابل (دنیا نیوز)افغانستان کے صوبہ بدخشاں میں شدید بارشوں کے بعد مٹی کے تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے اکیس سو افراد جاں بحق ہو گئے ، حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کر دیا جبکہ چار ہزار افراد لاپتہ ہیں.

افغانستان کے شمال مشرقی صوبے بدخشاں میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ۔ پہاڑ سے گرنے والی چٹانوں اور مٹی کے تودوں سے ایک گاؤں مکمل طور پر دب گیا۔حکام کے مطابق قدرتی آفت کے نتیجے میں پچیس سو افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔جدید مشینری نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو اور مقامی افراد بیلچوں کی مدد سے مٹی تلے دبے افراد کی تلاش کر رہے ہیں ۔ حکام نے ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر قریبی علاقوں کو خالی کرا لیا ہے۔