ترکی کی شام میں کرد باغیوں کے زیر قبضہ ایئربیس پر بمباری

Published On 14 Feb 2016 11:14 AM 

سعودی عرب کی شام میں جنگی جہاز بھجوانے کی تصدیق ، کرد جنگجو علاقہ چھوڑ دیں ورنہ مزید سخت کارروائی کی جائے گی :ترکی

شام (دنیا نیوز ) ترکی نے شام میں کرد باغیوں کے زیر قبضہ ائیر بیس پر بمباری کی ہے ۔ ترکی نے کرد باغیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرد جنگجو علاقہ چھوڑ دے ورنہ مزید کارروائی کی جائے گی ۔ دوسری طرف سعودی عرب نے شام میں داعش کے خلاف اپنے جنگی جہاز بھیجنے کی تصدیق کی ہے ۔ ترکی کی فضائیہ نے شام میں کرد باغیوں کے زیر کنٹرول منغ ائیر بیس کو نشانہ بنایا ہے ۔ ترک وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کرد ملیشیا فضائی اڈے سے نہیں نکلی تو ترکی مزید کارروائی کرے گا ۔ منغ ائیر بیس کرد ملیشیا نے شامی باغیوں کو شکست دے کر قبضہ کیا تھا ۔ ادھر سعودی عرب نے شام میں داعش کے خلاف کارروائیوں کے لیے اپنی جنگی طیاروں اور فضائیہ کے جوان بھیجنے کی تصدیق کی ہے ۔ بریگیڈئیر جنرل احمد ال اسیری کے مطابق یہ تعیناتی داعش کے خلاف کارروائیاں بڑھانے کے لیے کی گئی ہے تاہم شام میں زمینی فوج نہیں بھیجی گئی ہے ۔