ہندوستان کا یوم جمہوریہ، امریکی صدر کا شرکت سے انکار، رپورٹس

Last Updated On 28 October,2018 08:25 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) چار دن کی چاندنی، پھر اندھیر رات، انڈیا کے منہ پر زوردار تھپڑ، امریکی صدر نے یوم جمہوریہ پر مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی دعوت ٹھکرا کر ذلیل کر دیا، باہمی تعلقات کی چمک دمک ماند پڑ گئی، سوشل میڈیا بھی بھارتی حکومت کی خوب کھنچائی

انڈین میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبر گرم ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوم جمہوریہ کی پریڈ میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرنے کی انڈیا کی دعوت کو مسترد کر دیا ہے۔

انڈیا میں 1950ء کے بعد سے ہر سال 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی پریڈ منعقد کی جاتی ہے جس میں دنیا کے سربراہان مملکت کو مہمان خصوصی بنایا جاتا ہے۔

اس سے قبل 2015ء میں اس وقت کے امریکی صدر براک اوباما نے انڈیا کی اس پریڈ میں شرکت کی تھی۔

سوشل میڈیا پر اس پیش رفت پر جہاں ٹرمپ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں انڈیا کی حکومت بطور خاص نشانے پر ہے۔ بعض لوگ مزاحیہ ٹویٹس بھی کر رہے ہیں۔ کسی نے اسے انڈیا کی غیرت پر وار کہا تو کسی نے تھپڑ سے تعبیر کیا۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں انڈیا اور امریکہ کے تعلقات کی چمک ماند نظر آئی ہے اور دونوں ایک دوسرے سے کئی معاملوں میں متصادم بھی نظر آئے ہیں۔

حال ہی میں امریکہ نے انڈیا کو روس کے ساتھ میزائل سسٹم کے سمجھوتے کے خلاف متنبہ کیا تھا لیکن جب صدر پوتن رواں ماہ کے اوائل میں ہندوستان کے دورے پر آئے تو انڈیا نے ان سے پانچ ایس-400 میزائل نظام کا معاہدہ کر لیا۔

اس کے علاوہ ایران پر امریکی پابندیوں کے بعد انڈیا پر امریکہ کی جانب سے ایران سے تیل نہ خریدنے کا بھی دباؤ ہے لیکن انڈیا ایران سے تیل بدستور خرید رہا ہے۔ بہر حال یہ صورت حال نومبر کے مہینے میں زیادہ واضح ہوگی کہ انڈیا آیا وہاں سے تیل کی خریداری جاری رکھتا ہے یا امریکہ کے دباؤ میں اس سے گریز کرتا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے جشن جمہوریہ کے جشن میں شرکت نہ کرنے کے لیے جو وجہ پیش کی ہے وہ اسی دوران ان کے دوسرے اہم مشاغل میں شرکت ہے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کو سٹیٹ آف دا یونین (ایس او ٹی یو) سے خطاب کرنا ہے اور دونوں کا وقت ٹکراتا ہے۔

خیال رہے کہ ایس او ٹی یو سے خطاب 22 جنوری سے فروری کے پہلے ہفتے کے دوران کبھی بھی منعقد کیا جاتا ہے اور ذرائع کے مطابق ابھی تک اس کا دن مقرر نہیں ہے جبکہ اس سے قبل براک اوباما نے انڈین یوم جمہوریہ کی پریڈ میں شرکت کے لیے ایس او ٹی یو کو مؤخر کیا تھا۔

معروف صحافی اور عام آدمی پارٹی کے میڈیا مشیر ناگیندر شرما نے ٹویٹ کیا کہ  کیا آزاد ہندوستان میں ایسی کوئی مثال ملتی ہے جب ہماری حکومت نے فخریہ انداز میں یوم جمہوریہ کے مہمان خصوصی کا نام لیک کیا ہو اور مہمان نے اس دعوت کو ٹھکرا کر ذلیل کیا ہو؟ 

 

Advertisement