جرمن چانسلر انگیلا میرکل 18 برس بعد پارٹی قیادت سے دستبردار

Last Updated On 29 October,2018 05:53 pm

برلن: (دنیا نیوز) جرمن چانسلر انگیلا میرکل اٹھارہ برس بعد پارٹی قیادت سے دستبردار ہو گئیں، جرمن میڈیا کے مطابق بطور چانسلر انگیلا کی آخری مدت ہو گی جس کے بعد انہوں نے سیاست میں مزید حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

جرمن چانسلر اینگیلا میرکل کا سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا عندیہ، پارٹی قیادت سے 18 برس بعد مستعفی، اینگیلا مرکل کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کا امکان مسترد

جرمنی کی سیاست میں تبدیلی کی فضا، 13 سال سے جرمن چانسلر رہنے والی اینگیلا میرکل نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ انگیلا مرکل نے پارٹی قیادت سے 18 برس بعد استعفیٰ دے دیا تاہم ان کا کہنا ہے کہ بطور چانسلر مدت پوری ہونے تک وہ خدمات سر انجام دیتی رہیں گی، انہوں نے قبل از وقت انتخابات کے امکان کو بھی مسترد کر دیا۔

خیال رہے کہ انگیلا میرکل طویل عرصے تک حکومت کرنے والی واحد سیاستدان نہیں ہیں، روسی صدر پیوٹن 2000ء سے اور ترک صدر طیب اردوان 2003ء سے اقتدار کی کرسی پر براجمان ہیں۔

انگیلا میرکل جرمن چانسلر بننے والی پہلی خاتون سیاستدان ہیں، وہ اپنی ہی پارٹی کے ہیلموٹ کوہل کے بعد وفاقی جمہوریہ جرمنی کی سب سے زیادہ عرصے تک اقتدار میں رہنے والی چانسلر بھی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ گزشتہ 18 برسوں سے کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی سربراہ کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔

جرمن نیوز ایجنسی کے مطابق دسمبر میں سی ڈی یو کی مرکزی قیادت میں سے جن ممکنہ سیاستدانوں میں سے کسی ایک کو انگیلا میرکل کی جگہ پر اس جماعت کا نیا سربراہ چنا جا سکتا ہے، ان میں پارٹی کی موجودہ خاتون سیکرٹری جنرل آنے گرَیٹ کرامپ کارَین باؤر، وفاقی وزیر صحت ژینس شپاہن اور اسی پارٹی کے ماضی میں وفاقی پارلیمانی حزب کے سربراہ رہنے والے فریڈرش مَیرس بھی شامل ہیں۔
 

Advertisement