بھارتی فوجی کی دہشت گردی، پانچ کشمیری نوجوان شہید کر دیئے

Last Updated On 10 February,2019 06:07 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے فوجی دہشت گردی کے دوران پانچ کشمیری نوجوان شہید کر دیئے۔ ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے زبردست احتجاج کیا۔ بھارتی فورسز کے پیلٹ گن کے فائر سے متعدد نوجوان زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کلگام کے گاؤں کیلام میں بھارتی فوج نے آپریشن کرتے ہوئے نوجوانوں کو شہید کیا۔ ظالمانہ کاروائی کے خلاف کشمیریوں نے زبردست احتجاج کیا۔

بھارتی فوج نے مظاہرین پر پیلٹ گن کے فائر کیے جس سے متعدد نوجوان زخمی ہو گئے۔ پیلٹ گن کے فائر سے زخمی بارہ نوجوانوں کو ہسپتال پہنچایا گیا۔

بھارتی انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی ہے۔ مقبوضہ وادی میں کل معروف کشمیری رہنما مقبول بھٹ شہید کی برسی پر مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

خیال رہے کہ مقبوضہ وادی میں قابض فوج کے مظالم میں مزید اضافہ ہونے لگا ہے۔ کالے قانون کے تحت گرفتار کیے جانے والے کشمیریوں کی تعداد میں دو سالوں کے دوران تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

کشمیری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہر سال بے گناہ کشمیریوں کو حراست میں رکھنے کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ سال کشمیر میں بے گناہ افراد کو گرفتار کیے جانے کی شرح دو ہزار سولہ کے مقابلے میں دگنی تھی۔

دو ہزار سولہ میں انسانیت سے عاری بھارتی سرکار نے دو سو تیس افراد کو قید کیا جبکہ دو ہزار سترہ میں گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد چار سو دس ہو گئی تھی۔ دو ہزار اٹھارہ میں پانچ سو دس بے گناہ افراد کو حوالات میں بند کر دیا گیا۔

پبلک سیفٹی ایکٹ نامی کالے قانون کے تحت بھارتی حکومت کسی بھی فرد کو بغیر مقدمہ کے چھ ماہ سے لے کر ڈیڑھ سال تک بغیر مقدمہ تک حراست میں رکھ سکتی ہے۔
 

Advertisement