ایران کیساتھ کشیدگی کو کم کرنے کیلئے سعودیہ نے قطر کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

Last Updated On 27 May,2019 08:26 pm

دوحہ: (ویب ڈیسک) ایران کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سعودی عرب نے قطر کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔ ریاض کی طرف سے قطر کو بات چیت کی دعوت دی گئی ہے۔

 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے خطے کے حوالے سے ہنگامی اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ ملا ہے جس میں ایران اور امریکی کشیدگی کے بعد خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

 

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے مشرق وسطیٰ کے رہنماؤں اور عرب لیگ کے اراکین کو 30 مئی کو مکہ میں ہنگامی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تیل کی ترسیل: خلیج عمان میں سعودیہ، ناروے، امارات کے بحری جہازوں کو تباہ کرنیکی کوشش

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر حکومت کے اطلاعات کے عہدیدار نے بتایا کہ قطر کے امیر کو وہ خط ملا تھا، جس میں حکومت کو حالیہ کشیدگی پر بات چیت کے لیے شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ یہ دعوت نامہ وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کو جی سی سی کے جنرل سیکریٹری نے ملاقات کے دوران دیا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سمیت چند گلف ممالک نے جون 2017 میں قطر سے سفارتی قطع تعلق کرتے ہوئے تمام تعلقات معطل کیا تھا اور قطری شہریوں کے داخلے پربھی پابندی عائد کی تھی۔

 

Advertisement