برفانی تودے گرنے کے دو مختلف واقعات، چار بھارتی فوجی ہلاک

Last Updated On 04 December,2019 05:40 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج کے چار اہلکار دو مختلف واقعات میں برفانی تودوں کے گرنے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برفانی تودے گرنے کا پہلا واقعہ تنگدھار سیکٹر میں پیش آیا جبکہ دوسرا واقعہ لائن آف کنٹرول کے پاس گریز سیکٹر میں پیش آیا جہاں برفانی تودے کی زد میں گشت پر مامور ایک فوجی دستہ آ گیا۔

خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق فوج نے بیان میں کہا ہے کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے دو مختلف حادثات میں چار فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ جو فوجی چوکی تنگدھار سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آئی تھی یا پھر گریز سیکٹر میں جو پیٹرولنگ ٹیم برفباری کی زد میں آئی حفاظتی ٹیم نے اس کی نشاندہی کی اور وہاں سے فوجیوں کو بحفاظت نکالا۔

فوج کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ طبی اور بچانے والی ٹیم کی تمام تر کوششوں کے باوجود تنگدھار میں تین فوجی جبکہ گریز میں ایک فوجی ہلاک ہو گئے۔

چند ہفتوں میں برفانی تودے گرنے کا تیسرا ایسا واقعہ ہے جس میں ہندوستانی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ اس سے قبل 18 نومبر کو سیاچن گلیشیئر میں رونما ہونے والے حادثے میں چار فوجی اور دو قلی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 30 نومبر کو جنوبی سیاچن گلیشیئر میں تقریبا 18000 فٹ کی بلندی پر برفانی تودے گرنے سے دو فوجی ہلاک ہو گئے۔

سیاچن دنیا کا سب سے بلندی پر واقع فوجی علاقہ ہے اور وہاں فوجیوں کی تعیناتی ایک مہنگا کام ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس بلندی پر فوجیوں کے لیے مناسب انتظامات نہیں ہیں۔
 

Advertisement