نئی دہلی کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی، 43 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Last Updated On 08 December,2019 05:16 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) آگ لگنے کا واقعہ پرانے دلی میں اناج منڈی کے قریب پیش آیا۔ زیادہ افراد کی ہلاکت دم گھٹنے سے ہوئی۔ کئی منزلہ عمارت میں درجنوں مزدور سوئے ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے؎۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی کم از کم تعداد 43 ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں کی اکثریت اس فیکٹری کے ملازم تھے۔

نئی دہلی پولیس کے ترجمان ایم ایس رندھاوا کے مطابق متاثرہ عمارت سے 60 کے قریب لوگوں کو نکالا گیا جن میں سے 43 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے جبکہ باقی افراد کو قریبی ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

بھارتی وزیر ہردیپ پوری نے جائے حادثہ پر صحافیوں کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے مزدوروں کی زیادہ تر تعداد بِہار اور اترپردیش سے تعلق رکتھی ہے۔ ادھر نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروِند کیجریوال نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

 

Advertisement