مغربی میڈیا نے یوکرائن کے مسافر طیارے پر مبینہ میزائل حملے کی ویڈیو جاری کر دی

Last Updated On 10 January,2020 12:07 pm

لندن: (دنیا نیوز) مغربی میڈیا نے یوکرائن کے مسافر طیارے پر مبینہ میزائل حملے کی ویڈیو جاری کر دی، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا بھی کہنا ہےکہ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ مسافر طیارہ ایران کے زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل لگنے سے تباہ ہوا ہے۔

ایران میں یوکرین کے مسافر طیارے کی تباہی، حادثہ یا میزائل حملے کی غلطی، دنیا میں نئی بحث چھڑ گئی۔ امریکی میڈیا کی جاری نئی فوٹیج میں مسافر طیارے کو تہران میں مبینہ میزائل سے نشانہ بنائے جانے کا منظر قرار دیا گیا ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا بھی کہنا ہے کہ خفیہ معلومات کے مطابق طیارہ ایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوا ہے۔ کینیڈا اور برطانیہ نے حادثے کی مکمل اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ طیارے کو نشانہ بنائے جانے کا امریکا سے تعلق نہیں، یہ دوسرے فریق کی غلطی ہوسکتی ہے۔ اس سے پہلے پینٹاگان کا الزام تھا کہ یوکرائن کا طیارہ روسی ساختہ میزائل لگنے سے تباہ ہوا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ فنی خرابی کےسبب ایئرپورٹ واپس آتے ہوئے تباہ ہوا۔ ایران کی جانب سے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے ختم ہونے کے کچھ گھنٹے بعد یوکرین کا طیارہ ایران کے امام خمینی ائیرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
 

Advertisement