ایٹمی ڈیل کی خلاف ورزی:جرمنی، برطانیہ اور فرانس کا ایران کیخلاف کارروائی کا اعلان

Last Updated On 14 January,2020 09:33 pm

پریس: (دنیا نیوز) ایٹمی ڈیل کے معاملے پر ای تھری ممالک اور تہران کے درمیان پھر کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران کی جانب سے ایٹمی ڈیل کی خلاف ورزی کے خلاف قوائد کے مطابق کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔

تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں تنازع کے حل کے میکانزم کے کھولنے کا اعلان کیا اور کہا کہ یورپی ممالک اب بھی جوہری معاہدے پر عمل درآمد کے خواہش مند ہیں۔

دوسری جانب ایران نے یورپی بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یورپی ممالک اس عمل کا ناجائز استعمال چاہتے ہیں تو پھر وہ نتائج بھگتنے کے لئے بھی تیار رہیں۔

ترجمان ایرانی وزار ت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہری معاہدے کی رو سے معاہدے کے تمام فریقوں پر مشتمل جوائنٹ کمیشن پندرہ دن کے اندر معاملے کے حل کا پابند ہے۔ کمیشن کی ناکامی کی صورت میں معاہدے میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ معاملے کو بیس دن میں حل کرنے کے پابندہون گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اگر پھر بھی معاملہ طے نہ پایا تو معاہدہ ختم ہو جائے گا۔ 2015ء میں ہونے والا معاہدہ ایران، امریکا، روس، چین، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے مابین ہوا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018ء میں معاہدے سے علیحدگی اختیار کرکے ایران پر اضافی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
 

Advertisement