دنیا بھر میں کورونا کا خوف، 74 ہزار 702 ہلاکتیں، 13 لاکھ 46 ہزار سے زائد متاثر

Last Updated On 07 April,2020 11:00 am

نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا کا خوف برقرار ہے، وبا سے مرنے والوں کی تعداد 74 ہزار 702 ہو گئی، 13 لاکھ 46 ہزار 974 افراد کورونا سے متاثر ہیں، جاپان کے مختلف شہروں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

کورونا سے دنیا بھر میں قیامت خیز صورتحال، امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی۔ دس ہزار نو سو چھیاسی افراد کورونا سے ہلاک اور تین لاکھ اڑسٹھ ہزار زیر علاج ہیں۔ اسپین میں کورونا سے 13ہزار تین سو اکتالیس افراد ہلاک ہو گئے۔ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہزار پانچ سو تئیس ہو گئی۔ فرانس میں کورونا وائرس سے مزید 833 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جو اب تک فرانس میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

جاپان میں کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا ہےکہ عالمی وبا یورپی یونین کو اب تک کا سب سے بڑا چیلنج ہے اور ان کی حکومت معاشی مدد کو تیار ہے۔ سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوفوین نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہزاروں اموات کے لیے تیار ہو جائیں۔
 

Advertisement