کورونا کے سبب امریکی شہریوں کے یورپ آنے پر پابندی کا مسودہ تیار

Last Updated On 24 June,2020 11:48 am

برسلز: (دنیا نیوز) یورپی یونین نے کورونا وبا کے سبب امریکی شہریوں کے یورپ آنے پر پابندی کا مسودہ تیار کر لیا، پابندی کے اطلاق کا حتمی فیصلہ یکم جولائی تک کرلیا جائے گا۔

یورپی حکام کا خیال ہے کہ امریکا کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے میں تاحال ناکام رہا ہے، مسودے کے مطابق امریکا کے ساتھ ساتھ روس اور برازیل کے سیاحوں کو بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ مارچ میں یورپ کورونا وبا کامرکز تھا، اُس وقت صدرٹرمپ نے یورپی ممالک کے شہریوں کے امریکا آنے پر پابندی لگائی تھی اور اب صدر ٹرمپ کو جوابی اقدام کا سامنا ہے۔

اس وقت امریکہ 24 لاکھ 24 ہزار سے زائد کورونا کیسز کے سبب دنیا میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جبکہ محتاط اندازے کے مطابق ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد امریکی کورونا کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔ مذکورہ حقائق دیکھتے ہوئے یورپی یونین نے پابندیوں کا فیصلہ کیا ہے۔
 

Advertisement