صدارتی انتخابات سے پہلے کورونا ویکسین دستیاب نہیں ہو سکتی، ٹرمپ کا اعتراف

Published On 08 October,2020 02:00 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تسلیم کیا ہے کہ صدارتی انتخابات سے پہلے ویکسین دستیاب نہیں ہو سکتی بلکہ الیکشن کے فوری بعد بھی ممکن نہیں۔

صدر ٹرمپ نے انٹی باڈی کاک ٹیل دوا کو کورونا وائرس کا علاج قرار دیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے امریکی عوام کے خدشات دور کئے جائیں گے۔ امریکی صدر انتخابی مہم کے دوران کئی بار کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کو الیکشن سے پہلے دستیاب ہونے کی بات کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ خود کورونا کا شکار رہے ہیں تاہم ان کے معالج شان کونلی کا کہنا ہے کہ صدر نے گزشتہ چار دنوں میں بخار کی شکایت نہیں کی۔ صدر ٹرمپ میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے بھی زیادہ عرصے کے دوران کوویڈ 19 کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔ ڈاکٹر کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کو جمعے کے روز ہسپتال داخل ہونے کے بعد سے اضافی آکسیجن کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔ صدر ٹرمپ کو پیر کے روز ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

امریکی صدر کا اپنی صحت کے حوالے سے کہنا تھا کہ وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں، ان کی صحت خدا کی کرم نوازی ہے، انہوں نے جزوی طور پر سرکاری مصروفیات شروع کی ہیں اور معمول کی مختلف بریفنگز لیں۔


 

Advertisement