ترک شہر ازمیر میں شدید زلزلہ، کئی عمارتیں زمین بوس، مرنیوالوں کی تعداد 26 ہوگئی

Published On 31 October,2020 09:36 am

ازمیر: (دنیا نیوز) ترکی کے شہر ازمیر میں زلزلے نے عمارتوں کو ملیا میٹ کر دیا، ملبے تلے دب کر مرنے والے افراد کی تعداد 24 ہوگئی، 800 سے زائد لوگ زخمی بھی ہوئے۔

ترکی میں سات شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی۔ ازمیر اور سفر حصار شہر میں متعدد عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔ زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ترکی اور یونان میں زلزلہ، 14 افراد چل بسے، پاکستان کا اظہار افسوس

ترک حکام کے مطابق زلزلے سے ازمیر شہر زیادہ متاثر ہوا، جہاں عمارتوں کو زیادہ نقصان پہنچا۔ زلزلے کے بعد سطحِ سمندر بلند ہوگئی، جس سے پانی شہر سفر حصار میں داخل ہوگیا۔ سیلابی صورتحال سے متعدد ماہی گیر بھی لاپتہ ہوگئے۔

زلزلے کے جھٹکے یونان، قبرص، لیبیا، بلغاریہ، البانیہ سمیت خطے کے دیگر ممالک میں بھی محسوس کیے گئے۔ یونان میں زلزلے کے باعث آنے والے سونامی کی وجہ سے بندرگاہ سیموس میں کئی عمارتیں زیرِ آب آ گئیں۔

ترکی میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 21 آفٹر شاکس بھی آچکے ہیں۔ ترک صدر طیب اردوان کا کہنا ہے کہ زلزلےسے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
 

Advertisement