برطانیہ نے بھی بریگزٹ ٹریڈ ڈیل پر دستخط کر دئیے

Published On 31 December,2020 11:11 am

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ نے بھی بریگزٹ ٹریڈ ڈیل پر دستخط کر دئیے، معاہدہ برطانوی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے سے موثر ہو گا، اب تجارت پر اضافی محصولات وصول نہیں کئے جائیں گے۔

یورپی یونین اور برطانیہ نے بریگزٹ تجارتی معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں، برسلز میں یورپی یونین کے اعلیٰ حکام نے معاہدے پر دستخط کئے جس کے بعد دستاویزات کو رائل ائیرفورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے لندن بھیجا گیا۔

بریگزٹ ٹریڈ ڈیل پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے دستخط کئے، اراکین پارلیمنٹ نے بحث کے بعد معاہدے کی توثیق کی۔ معاہدے میں تجارت، سفر، فشری، سکیورٹی، یورپی عدالت اور تعلیم کے شعبے شامل ہیں، اب برطانیہ اور یوپی یونین کے درمیان تجارت پر اضافی محصولات وصول نہیں کے جائیں گے اور نہ ہی کوئی حد مقرر کی جائے گی۔

برطانوی شہری چھ ماہ میں 90 دن سے زیادہ مدت یورپی ممالک کی حدود میں گزاریں تو ان کو یورپی یونین کے ممالک میں سفر کرنے کے لیے ویزا درکار ہو گا۔ برطانیہ اب فیصلہ کرے گا کہ کون اس کی سمندری حدود میں مچھلیاں پکڑ سکتا ہے۔ وہ یورپی عدالت کے فیصلے پر عمل کرنے کا پابند نہیں ہو گا۔ اسے اب معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بھی درخواست دینا ہو گی، برطانیہ یورپی یونین کے ممالک کے طلبا کے لیے قائم ایراسمس پروگرام کا حصہ نہیں رہے گا۔
 

Advertisement