سعودی عرب پر ڈرون حملے کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی

Published On 13 February,2021 02:13 pm

(ویب ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے سعودی عرب کی سمت بھیجے گئے دو ڈرون طیارے فضا میں تباہ کر دینے کا اعلان کیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، دھماکا خیز مواد سے بھرے ڈرون طیارے حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجے گئے۔

اس سے قبل عرب اتحاد نے جمعرات کی شام بھی حوثیوں کی جانب سے مملکت کی سمت بھیجے گئے دھماکا خیز مواد سے بھرے دو ڈرون طیارے تباہ کر دینے کا اعلان کیا تھا۔

عرب اتحاد نے باور کرایا کہ "حوثی ملیشیا کی جانب سے دہشت گردی کی منظم اور دانستہ کوششوں کا مقصد شہریوں کو نشانہ بنانا ہے۔ ہم بین الاقوامی قانون کے مطابق دہشت گردی کے ان حملوں کے منصوبہ سازوں اور ذمے داروں کا محاسبہ کریں گے"۔

ادھر برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے جمعرات کے روز بیان دیا کہ سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے پر تشدد حملے فوری طور پر روکے جانے کی ضرورت ہے۔ برطانوی وزیر نے حوثیوں کے اس حملے کی شدید مذمت کی جس سے سعودی شہری طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔

 

Advertisement