اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے پٹرول کی قیمت برقرار رکھتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔
عوام کے لیے اچھی خبر ،حکومت نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق پندرہ اکتوبر تک کے لیے ہوگا۔
واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی گئی سمری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی گئی تھی، حکومت نے اس سے پہلے ماہ اگست کی پٹرولیم قیمتیں ہی ستمبر میں بھی برقرار رکھی تھیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 40 پیسہ کمی سے 104.06 روپے لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پٹرول، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پٹرول 103.97 روپے فی لیٹر کی قیمت پر برقرار رہے گا۔
مٹی کا تیل 65.29 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل بھی 62.86 روپے فی لیٹر پر ہی فروخت ہوگا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر رات 12 بجے سے ہوگا۔